دبئی میں متعدد اسرائیلی شہری اپنے ہم وطن کے قتل کے الزام میں گرفتار

338
دبئی میں متعدد اسرائیلی شہری اپنے ہم وطن کے قتل کے الزام میں گرفتار

دبئی:دبئی میں پولیس نے متعدد اسرائیلی شہریوں کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر اپنے ہی ایک ہم وطن کی ہلاکت کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی میڈیا آفس نے بتایاکہ دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد اسرائیلی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔یہ سب ایک اور اسرائیلی شہری پر حملہ آور ہوئے تھے اور انھوں نے اس کو جان سے مار دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے دبئی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔اس واقعہ کے پس پردہ حالات ابھی تک واضح نہیں ہیں لیکن متحدہ عرب امارات کے اہم سیاحتی مرکز دبئی میں پرتشدد جرائم شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دبئی میں 30 سالہ اسرائیلی شہری کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ مقامی حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔