اولمپیئن شہباز احمد کا ایچ ای سی گرلز ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ

302

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکریٹری جنرل اور لیجنڈری ہاکی اولمپیئن شہباز احمد سینیئر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی خواتین ہاکی ٹیم کی  کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے تربیتی کیمپ پہنچ گئے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی گرلز ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔

 کیمپ کوئٹہ میں ہونیوالے 34 ویں قومی گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے لگایا گیا ہے، سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی مبشر مختار کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں، کیمپ میں شہباز احمد سینیئر نے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں کھیل میں مہارت حاصل کرنے کی تکنیک بھی سکھائی۔

 انہوں نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اچھا کھلاڑی بننا ہے تو  ہاکی کو ایمانداری سے پورا وقت دیں اپنی فٹنس پر خاص توجہ دیں، ڈائٹ کا خیال رکھیں اسکے بعد ہی آپ لوگ اچھی پلئیر بن سکیں گی تاہم کھیل میں آپ کی لگن اور جستجو نے مجھے بہت متاثر کیاہے۔

شہباز احمد سینیئر نے کہا کہ ایچ ای سی کے چیئرمین مختار احمد اور ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن کی کھیلوں کے فروغ کی کوششیں قابل ستائش ہیں اگر یہ لوگ اسی لگن سے  کام کرتے رہے تو وہ وقت دور نہیں کہ پھر سے پاکستان کو تعلیمی اداروں سے اسٹارز ملنا شروع ہوجائینگے، پچھلے دو سالوں سے ایچ ای سی مختلف کھیلوں میں وکٹری اسٹینڈز پر آرہی ہے جو کہ جاوید علی میمن کی کاوشوں کا ثمر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ انکی خواہش ہے کہ ایچ ای سی کی ٹیم نیشنل گیمز میں کامیابی حاصل کرے۔