خیبر،پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے زیادہ کنٹینرز دب گئے،2افراد جاں بحق

337

خیبرپختونخوا:ضلع خیبر کے علاقے طورخم بارڈر پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے زیادہ کنٹینرز دب گئے جس کے نتیجے میں 2 افغان شہری جاں بحق جبکہ درجنوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے بتایا کہ 20سے 25کنٹینرز ملبے میں دبے ہوئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 2افغان شہری جاں بحق ہو گئے ہیں، حکام ان کی لاشوں کو نکالنے کی کوشش کب جارہب۔

علاوہ ازیں ترجمان ریسکیو 1122بلال فیضی نے بتایا کہ 8زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے فورا بعد آگ بھڑک اٹھی تھی کیونکہ ٹرک ڈرائیورز چولہے پر سحری تیار کررہے تھے، تاہم اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

بلال فیضی نے بتایا کہ ملبہ بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 60سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں 12ایمبولینسز، 4 فائر ویکلز، 3 ریکوری ویکلز اور 3 ہیوی ایکسیویٹر کو استعمال کیا جا رہا،اب تک 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جاچکی ہے جبکہ 4 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔