الخدمت: سندھ کو 2ماہ میں ڈیڑھ کروڑ کے پانی کے منصوبے

744
الخدمت سندھ۔2ماہ میں ڈیڑھ کروڑ کے پانی کے منصوبے

کراچی : الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی جانب سے ضلع تھرپارکر،سانگھڑ،عمرکوٹ اور ٹنڈومحمد خان سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالیت کے منصوبے لگائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صاف پانی سے محروم سندھ کے مختلف اضلاع میں الخدمت سندھ کی جانب سے 2ماہ کے دوران 24  ہینڈ پمپ، 20کمیونٹی ہینڈ پمپ، 17سمرسبل پمپ اور 16 الیکٹریکل سمرسبل پمپ نصب کئے گئے،جس پر1کروڑ 55لاکھ سے زائد رقم خرچ ہوئی۔

اس حوالے سے ڈائریکٹرالخدمت کلین واٹرپروجیکٹ انجینئر عمرفاروق کاکہناتھا کہ تھرپارکرسمیت سندھ کے ہزاروں خاندان پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، الخدمت نے ہمیشہ ضرورتمندوں کی مشکلات کو نہ صرف محسوس کیاہے بلکہ بلاتفریق رنگ ونسل مستحقین کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔

حالیہ سیلاب کے باعث سندھ کے بیشتر اضلاع میں پہلے سے موجود پانی کے منصوبے بری طرح متاثرہوگئے تھے،الخدمت فاؤنڈیشن نے ترجیحی بنیادوں پر تھرپارکرسمیت  تمام اضلاع میں پانی کے منصوبوں کو دوبارہ سے فعال کیا جبکہ ڈیڑھ کروڑروپے سے زائد کی رقم سے پانی کے نئے منصوبے بھی لگائے۔

ان کا مزیدکہناتھاکہ تھری باشندوں سمیت اندرون سندھ کے ہزاروں خاندان صاف پانی کے حصول کیلئے روزانہ کئی کلومیٹرپیدل سفر طے کرتے ہیں۔ پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت سے محروم علاقوں میں الخدمت بڑے پیمانے پر پانی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

الیکٹریکل اورسولر سمرسبل پمپ کے ذریعے ناداراورمستحق چھوٹے کاشتکاروں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، جس سے وہ اپنی ضروریات کے مطابق اجناس وسبزیاں کاشت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کلین واٹر پروجیکٹ ایک وسیع منصوبہ ہے جس کے تحت سندھ کے دوردراز گاؤں دیہاتوں میں 4951  پمپ اور34واٹر فلٹریشن پلانٹ کام کررہے ہیں۔

جس سے روزانہ لاکھوں خاندانوں کی پیاس بجھائی جارہی ہے۔ان کا کہناتھا کہ پانی کے مزیدمنصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے، اس سلسلہ میں مخیرحضرات الخدمت کا ساتھ دے سکتے ہیں۔