الخدمت نے آغوش ہوم کے ’’باہمت یتیم ‘‘بچوں کو عید کی شاپنگ کروادی 

775
الخدمت نے آغوش ہوم کے ’’باہمت یتیم ‘‘بچوں کو عید کی شاپنگ کروادی 

کراچی:الخدمت نے اپنے گلشن معمار میں واقع آغوش ہوم ‘ میں مقیم ’’باہمت یتیم بچوں ‘‘کو عیدکی شاپنگ کروا دی ۔مقامی معروف ڈپارٹمنٹل اسٹور میں جمعرات کی صبح ان بچوں کو لے جایا گیا اور وہاں انہیں اپنی مرضی سے شاپنگ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

بچوں نے اپنی من پسند ،کپڑے ،جوتے اور دیگر اشیا خریدیں اورخوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی اور منیجر آغوش ہو م مصعب بن عبدالقادراور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ شاپنگ میں رہنما ئی کیلئے رضاکار بھی بچوں کے ساتھ تھے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی نے شاپنگ سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات کی اور شاپنگ سے متعلق دریافت کیا ۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس سے قبل الخدمت کے  الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت شہر کے بڑے اور مقبول شاپنگ سینٹر میںمیں بچوں کو شاپنگ کروائی گئی تھی ۔آج ہم نے اپنے آغوش ہوم میں مقیم بچوں کو عید کی شاپنگ کروادی  ہے۔اس شاپنگ کے دوران آغوش ہوم کے ساتھ ساتھ پہلے مرحلے میں رہ جانے والے بچوں کو بھی شاپنگ کروائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے ساتھ خوشیاں شیئر کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ بھی باپ کا سایہ رکھنے والے بچوں کی طرح اپنی خوشیوں کو منائیں اور محسوس کریں اور اپنی زندگی میں کسی کمی کو محسوس نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں ،ان کی کفالت سنت رسول ؐ اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم کا پراجیکٹ ایک بڑا پراجیکٹ ہے، جہاں ان بچوں کو بورڈنگ طرز کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے اپیل کی کہ اہل خیر اس نیک کام میں 20ہزار روپے ماہانہ اور2لاکھ 40ہزار روپے سالانہ سے ایک بچے کی کفالت کر کے الخدمت کا ساتھ دیں ۔