ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

247
ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

ڈونیڈن: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے سری لنکا کو با آسانی 9وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کر دی ۔

میزبان کیوی ٹیم نے 142رنز کا ہدف با آسانی 14.4اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا،ٹم سیفرٹ نے ناقابل شکست 79رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے 43گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ فلک شگاف چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے نا قابل شکست 79 رنز بنائے اورعمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کیوی کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کیوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث سری لنکا کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 141 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، دھننجایا ڈی سلوا37، کوسل پریرا35اور چارتھ اسالنکا نے 24رنز بنائے جبکہ سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر سکے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ایڈم ملن نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،بین لیسٹر نے دوجبکہ شپلے، راچن راویندرا اور نیشام نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے ٹم سیفرٹ کی ناقابل شکست 79 رنز کی اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف با آسانی 14.4اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے نہ صرف جاندار کم بیک کیا بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 1-1سے برابر کر دی۔

ٹم سیفرٹ ناقابل شکست 79رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے،چاڈ بوزنے 31اور کپتان ٹام لیتھم نے ناقابل شکست 20رنز بنائے۔کسن راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ٹم سیفرٹ کو مردمیدان قرار دیا گیا۔