گورنرسندھ کا چڑیا گھر میں جانوروں کیلیے اسپتال بنانے کا اعلان

480

کراچی:گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی زو میں جانوروں کے لیے اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہتھنی کا معائنہ ہو گیا، کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ 25 دن پہلے ہتھنی نورجہاں کی تکلیف سامنے آئی، ڈاکٹر عامر اور اس کی ٹیم نے مسلسل 3 گھنٹے محنت کی ہے، ابھی تک ماہرین کے مطابق نور جہاں خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نور جہاں کو صحتیابی کے بعد سفاری پارک منتقل کردیا جائیگا، یہاں کے ڈاکٹرز نے علاج کیا، ہتھنی کی بیماری بڑھ رہی تھی، ایڈمنسٹریٹرکو ہدایت کی کہ باہر سے ڈاکٹرز کو بلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نور جہاں 14سال سے بچوں کو لطف اندوز کررہی ہے، ہتھنی کے علاج میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کو احکامات جاری کیے کہ وہ سینئر ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کرے، سینئر ڈائریکٹر زو نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے، یہاں جانوروں کو خوراک کی کمی سمیت صحت کے مسائل ہیں۔