فرد جرم عائد: مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنیوالے ٹرمپ پہلے امریکی صدر

398
Donald Trump

نیویارک :امریکا میں نئی تاریخ رقم ہوگئی،سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فردجرم عائد کردی گئی جس کے بعد وہ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں مین ہٹن کی گرینڈ جیوری نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کی۔

فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ جیوری کی جانب سے ووٹنگ کے بعد کیا گیا، پراسکیوٹر آفس نے  ٹرمپ کو گرفتاری کے لیے خود کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا  ہے۔

 نیویارک کے ایک پراسیکیوٹر نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق کی۔واضح رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا۔

 یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوں کے بارے میں ہیں اور ان کا تعلق سن 2016  کے صدارتی الیکشن کے وقت سے ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ دعوی کیا گیا تھا کہ 2016 کے الیکشن سے پہلے ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے اسٹارمی ڈینیئلز کو ایک لاکھ 30  ہزار ڈالر دیے تھے تاکہ وہ 2006 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ افیئر پر خاموشی اختیار کیے رہے۔کوہن نے 2018  میں وفاقی عدالت کے سامنے اعتراف جرم کرلیا تھا جس پر انہیں اسٹارمی ڈینیئلز اور ایک ماڈل کیرین مک ڈوگال کو رقوم کی ادائیگی سے متعلق کردار پر 3 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔