بیرسٹر افتخار گیلانی کی ہالینڈ اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

406

مظفرآباد :سابق وزیر تعلیم سکولز و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ہالینڈ اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے  انھوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے امت مسلمہ کو کمزور کر کے اسے صفحہ ہستی سے مٹانے کی ناکام کوششیں عرصہ دراز سے جاری ہیں صیہونی میڈیا دنیا میں تیزی سے پھیلتے اسلام کو مغربی دنیا میں ایک خطرہ کے طور پر متعارف کروا کے قرآن کی بے حرمتی اور مسلمانوں پر دہشت گردی کی چھاپ لگوانے کی ناکام اور مذموم سازشیں کر رہا ہے۔

انکا کہنا تھا  کہ قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب اس مقدس کتاب کی بے حرمتی مسلمانوں کی نسل اور امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے کبھی حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمین خاکوں سے اور کبھی قرآن پاک کو جلا کر سوئی ہوئی مسلم قوم کی مذہبی غیرت کو چیک کیا جا رہا ہے اب وقت آ گیا ہے پوری امت مسلمہ کو ایک ہونا پڑے گا اور ان کی سازشوں کا جواب دینا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ کوپن ہیگن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ کوئی نیا نہیں ہے آئے روز ایک واقعات رونما کر کے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جا رہا ہے۔

 انھوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے خلاف اپنی اجتماعی آواز اٹھانی چاہیے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ یہ آزادی اظہار کی آڑ میں اسلامو فوبک نفرت انگیز جرم ہے۔ اس طرح کی جارحانہ کارروائیوں سے دنیا بھر کے 1.5 بلین مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچتی ہے جس سے عالمی برادری کے درمیان انتشار پیدا ہو سکتا ہے۔

 انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ‘وہ اس قسم کے ناقابل قبول اقدامات کو روکنے کے لیے اپنا فرض ادا کرے۔