سوشل میڈیا پر اسلام مخالف پراپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے، محبوب الزماں بٹ

2047
propaganda

فیصل آباد: جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے مطالبہ کیاہے کہ سوشل میڈیا پر اسلام مخالف پراپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے اور اس کو روکنے کے عملی اقدامات کئے جائیں۔

پروفیسر محبوب الزماں بٹ کا کہنا تھا کہ اسلام فوبیا مغرب کا کلچر بن رہاہے ۔ ختم نبوتﷺکے عقیدے کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں، سماجی رابطہ کے نیٹ ورکس پر غیر مسلموں کی جانب سے مذہبی حوالے سے غلط بیانی پر مبنی اقدامات اور توہین آمیز مواد کا جائزہ لینے کے سلسلے میں حکومتی سطح پرنمائندہ کمیشن تشکیل دیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت شعائراسلام کی توہین کی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرکے انہیں دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سوشل میڈیا ،گوگل اور وکی پیڈیا کے سرچ انجنوں پر بے حرمتی، غلط بیانی اور دھوکہ دہی پر مبنی معلومات کے پھیلائو تشویشناک ہے۔

محبوب الزماں بٹ کا مزید کہنا تھا کہ سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس پر ختم نبوت اور نظریہ پاکستان سے متعلق بے حرمتی کے مواد نشر کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے ذریعے عالمی سطح پر مسلمانوں کی دل آزاری کی جارہی ہے۔ اس طرح کے مواد جس کی مدد سے اسلام، اسلامی عقائد، اصول و روایات، قرآن پاک، ختم نبوتﷺ کے حوالے سے توہین آمیز اور غلط بیانی پر مبنی مواد کو پھیلایا جاتاہے۔