غیر ملکی کمپنیوں کی افغانستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

381

کابل: رئیس الوزراء کے اقتصادی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے  کہ غیر ملکی کمپنیوں نے افغانستان میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

 باختر نیوز ایجنسی کی خبر کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی حکومت کے قیام کے ساتھ  ہی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال سے اب تک درجنوں بڑی غیر ملکی کمپنیوں نے تقریباً 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے اور کچھ شعبوں میں عملی کام شروع کر دیا ہے۔

نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور آفس کی جانب سے جاری کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ یہ سرمایہ کاری پانچ بڑے شعبوں کان کنی، زراعت، بجلی، ٹرانسپورٹ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ساتھ ساتھ کسٹم کی جدید کاری، ہوائی اڈوں پر خدمات کی فراہمی، ٹرانزٹ، صنعتی پارکس کی تعمیر اور ریلوے  سیکشنز میں کی جائے گی۔

کان کنی اور معدنیات کی پروسیسنگ، ہوائی اڈوں پر خدمات کی فراہمی اور صنعتی پارکس کی تعمیر کے شعبوں میں غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ دو ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ہیں اور اس پر عملی کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔