کراچی میں ضمنی الیکشن روکنے کیلیے پی ٹی آئی کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

400
کراچی میں ضمنی الیکشن روکنے کیلیے پی ٹی آئی کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

کراچی: استعفوں کی منظوری کے معاملے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کراچی کے16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکے جائیں، ضمنی الیکشن کے انعقاد کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیا جائے۔

تحریک انصاف کراچی کے اراکین قومی اسمبلی نے درخواست میں موقف پیش کیا کہ درخواست گزاروں کی قومی اسمبلی کی نشستیں بحال کی جائیں، لاہورہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفیٰ منظورکرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ تمام اراکین اسمبلی کو ان کی نشستوں پر بحال کردیا ہے، لاہورہائی کورٹ نے ضمنی الیکشن روکنے کا بھی حکم دیا ہے۔

لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کراچی میں ضمنی الیکشن کا جواز نہیں۔تحریکِ انصاف کے درخواست گزاروں میں آفتاب صدیقی، سیف الرحمان خان، فہیم خان، عطا اللہ خان، آفتاب جہانگیر اور دیگر شامل ہیں۔