متحدہ عرب امارات میں اب طلبا کو روبوٹ پڑھائیں گے

538

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے اعلان کیا ہے کہ جلد طلبا کیلئے مصنوعی ذہانت (AI)سے چلنے والا روبوٹ ٹیوٹر متعارف کروایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای)مصنوعی ذہانت (AI)سے چلنے والے روبوٹ ٹیوٹر کی تیاری اور اس کی لانچ پر کام کر رہا ہے۔

اماراتی وزیرِ تعلیم کے مطابق ان کی وزارت نصاب سے لے کر پڑھانے اور اسسمنٹ تک کے تمام نظام کا مکمل جائزہ لے گی تاکہ پورے بورڈ میں مصنوعی ذہانت کے آلات نصب کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جا سکے۔

اس جائزے کے نتیجے میں اماراتی وزارتِ تعلیم مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسا ٹیوٹر روبوٹ تیار کرے گی جو مکمل طور پر AIسے چلتا ہو۔

اماراتی وزیرِ تعلیم احمد بیہلول الفلاسی نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2023 کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ تعلیم مائیکرو سافٹ، اوپن اے آئی سمیت دیگر ٹیک کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اے آئی ٹیکنالوجیز کا استعمال سیکھنے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری شراکت داری کا مقصد اوپن اے آئی جیسے جدید لرننگ ماڈلز کے استعمال کے ذریعے طلبا کے سیکھنے کے تجربے کو بڑھانا اور بہتر بنانا ہے، متحدہ عرب امارات تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبا کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں کامیابی کیلئے درکار وسائل فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔