تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹول کے 14ویں ایڈیشن کا آغاز 17فروری کو بیچ لگثرری ہوٹل میں ہوگا

603

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) کراچی لٹریچرفیسٹول (کے ایل ایف) کے آرگنائزر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) نے کے ایل ایف کے 14ویں ایڈیشن کی نمایاں خصوصیات کا اعلان کرنے کیلئے آرٹس کونسل کراچی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔

ادب، ثقافت اور فنون سے شغف رکھنے والوں کو اپنے پسندیدہ ادبی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات، ماہر تعلیم اور اسکالرز سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔

رواں سال کے ایل ایف کا موضوع ”People, Planet & Possibilities“ جس میں پینل بحث و مباحثہ اور کتابوں کی تقریب رونمائی کے ذریعے پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی اور علاقائی سیاسی چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس کے نتیجہ میں پاکستان میں آنے والا تباہ کن سیلاب اور ترکی اورشام میں حالیہ زلزلے اور امکانات کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور ممتاز مصنف نورالہدا شاہ جبکہ 2022 کیلئے بکر پرائز ونر شیہان کارونا تیلاکہ اورسینئر صحافی اور مصنف احمد رشیداختتامی تقریب سے خطاب کریں گے۔

آٹھ ممالک (پاکستان، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، جرمنی اور فرانس) سے 10 عالمی مقررین سمیت 200 سے زائد مقررین خطاب کریں گے۔ہمیشہ کی طرح کے ایل ایف 2023 کا اس سال بھی مقصد تکثریت اور دانشورانہ مقالہ کے ماحول کی فراہمی سے فکر انگیز گفتگو کا ماحول فراہم کرنا ہے۔

کراچی لٹریچر فیسٹول میں 60سیشنز ہوں گے جن میں اردو اور انگریزی کی 24 کتابوں کی تقریب رونمائی شامل ہے۔تمام سیشنز او یو پی کے سوشل میڈیا چینلز پر دنیا بھر میں براہ راست دکھائے جائیں گے۔

وزیٹرز اور آن لائن سامعین اردو اور انگریزی شاعری، فیچر فلم ا سکریننگ اور پہلی مرتبہ دکھائی جانے والی شارٹ انڈیپنڈنٹ فلمز کی سیریز سے لطف اندوز ہوں گے۔اس سال لٹریچر فیسٹول میں دو بکر پرائز ونر مصنفین دامون گالگٹ 2021اور شیہان کارونا تیلا کہ 2022 بھی شریک ہوں گے۔

افتتاحی تقریب میں پاکستانی مصنفین کیلئے 7ادبی ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا۔یہ ایوارڈز اردو نثر اور شاعری اور انگریزی فکشن میں ان کے کام کے اعتراف میں دیا جائے گا۔یہ ایوارڈز Getz فارما کی طرف سے سپانسرکیا گیا ہے۔کے ایل ایف سندھی، بلوچی، پنجابی اورپشتو زبانوں میں شائع بہترین کتابوں کو ایوارڈز سے نواز کرملک بھر میں زبانوں اور ثقافتوں کے تنوع کا جشن مناتا ہے۔یہ ایوارڈز لٹل بک کمپنی کی طرف سے سپانسر کیے جاتے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارشد سعید حسین، منیجنگ ڈائریکٹر، او یو پی نے کہا”رواں سال فیسٹول کا موضوع ”ُPeople, Planet & Possibilities“ ان تمام بڑے مسائل کی عکاسی کرتا ہے جو معیشت، قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی اور ان بحران سے نمٹنے کیلئے ہمارے ردعمل کی صورت میں ہمیں درپیش ہیں ۔

ہم پاکستان اور دنیا بھر سے رائیٹرز، دانشور اور ادبی شغف رکھنے والوں کے متنوع گروپ کوایک بار پھر ایک جگہ اکٹھا کرنے پر بہت زیادہ پرجوش ہیں۔یہ فیسٹول تحریرکی طاقت اور ہمارے طبقات کی تشکیل میں اس کے کردار کا ثبوت ہے۔

کے ایل ایف کے 14ویں ایڈیشن میں منیزہ شمسی، طارق رحمن، یاسمین حامد، انور مقصود، مونی محسن،حمید شاہد، ذوالفقار کلہاڑو، افتخار عارف، کشور ناھید سمیت ممتاز ادبی شخصیات کے ساتھ لائیوسیشنز بھی ہوں گے۔

مہمانوں کو رشیدہ واٹس، عشرت حسین، مائیکل کوگلمین، شہناز وزیر علی، جہاں آرا، مفتاح اسماعیل، اکرام سہگل، ندیم حسین، سید سلیم رضا، حامد خان، مخدوم علی خان اور رضا ربانی جیسے ماہرین کے ساتھ حالات حاضرہ، تعلیم اور ایڈ ٹیک، موسمیاتی انصاف اور قیادت اور ڈی اینڈ آئی کی اہمیت کے موضوع پر بحث و مباحثہ میں شریک ہونے کا موقع ملے گا۔

فیسٹول میں خالد انعم، بی گل، صنم سعید، ثروت گیلانی اور بلال مقصود سمیت شوبز سے وابستہ شخصیات پر مبنی پینل بحث و مباحثہ بھی ہوگا۔

فیسٹول کے منتظمین رواں سال کے ٹائیٹل سپانسر حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کی حمایت پر شکرگزار ہیں اور گیٹز فارما، ای بی ایم، نیو پینٹس، برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن،برٹش کونسل، امریکی قونصلیٹ، لنکن کارنر، فرانسسی سفارت خانہ، گوئتھی انسٹی ٹیوٹ، این بی پی فنڈز، یو بی ایل فنڈز، اینگرو، سویا سپریم، ٹپال،جیریز، دیوی اورہربیون کے کردار کو سراہتے ہیں۔ایس ایم ایس سیکورٹی کاہمارے ساتھ مسلسل شراکت داری پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

14 ویں کے ایل ایف کے آرگنائزرزمہمانوں کو خوش آمدید کرنے کیلئے پرجوش ہیں اورروشن تجربے اور یادگار لمحات کے دلچسپ دنوں کے منتظر ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے بارے میں:
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (OUP) آکسفورڈ یونیورسٹی کا ایک شعبہ ہے۔ یہ یونیورسٹی کے مقصد کو تحقیق، وظائف، اور تعلیم کو دنیا بھر میں عام کرتا ہے۔ OUP پاکستان میں کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے اور پاکستان میں فکری مواد کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

اس میں ایک وسیع”اسکول اور کالج“ کی درسی کتب کی اشاعت کا پروگرام ہے جس میں ایسی کتابوں کی ضرورت کو حل کیا گیا ہے جو ماحول کے لحاظ سے اعلی معیار کی ہوں۔OUP نے اچھی طرح سے تحقیق شدہ علمی اور عمومی کتابیں شائع کرنے کے لئے شہرت حاصل کی ہے جو پاکستان پر مستند اور حتمی کام سمجھی جاتی ہیں۔

کراچی لٹریچر فیسٹول کے بارے میں
کراچی لٹریچر فیسٹول (KLF) مکالمے اور مباحثے، ریڈنگ اور ڈرائی انداز میں پیش کرنے کے ذریعے کے ایل ایف ایک ایسی دانش پر مبنی ایسی جگہ تخلیق کرنا چاہتا ہے جس میں پاکستانی معاشرے میں پایا جانے والا تنوع اور مختلف الخیال لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پنپ سکے جس کا اظہار ادبی اور ثقافتی روایات کے مصنفین کی طرف سے ہوتا ہے اور جو پاکستان کی سرحدوں سے ماورا ہیں اور جس تک لوگوں کی آزادانہ اور شراکتی انداز میں رسائی ہو۔