مسافروں کی سہولت کیلئے رابطہ ایپ متعارف کرادی، وفاقی وزیر ریلوے

392

لاہور:وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کی آسانی کے لئے پاکستان ریلوے نے چینی کمپنی ایزی وے کے تعاون سے رابطہ ایپ متعارف کرادی ہے جس سے ریلوے کی آمدن میں 5سے 7فیصد اضافہ ہوگا۔

سعد رفیق نے کہاکہ ایم ایل ون ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کی اپ گریڈیشن کیلئے کام کر رہے ہیں ،ریلوے ملازمین کے معاشی مسائل کے حل کے لیے وزارت خزانہ سے تعاون کے لیے رابطے میں ہیں،ہمیں یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

انہوں  نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور آج ہم نے چائنیز کمپنی ایزی وے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس سے ہم پاکستان ریلوے میں آٹو میٹڈ بکنگ اور ٹریولنگ اسسٹنس ایپ رابطہ متعارف کروارہے ہیں اس ایپ کے ذریعے مسافر ٹرین میں دستیاب ٹکٹس کی معمولات و بکنگ کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن، قیام و طعام کیلئے آن لائن سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔

اوفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ٹرین آپریشن مینجمنٹ سسٹم کی رسائی بھی مسافروں کو دستیاب ہوگی، اس ایپ سے صارفین اپنے پارسل کی بکنگ اور اپنی شکایات بھی درج کر اسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے تمام اخراجات چائنیز کمپنی برداشت کرے گی جبکہ اس کی آمدن کا 13سے 30فیصد حصہ پاکستان ریلوے کو ملے گا مگر اس کے لیے ایک شرط رکھی گئی ہے جب اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کی تعداد تین کروڑ 50لاکھ سے بڑھ جائے گی پا کستان ریلوے کے ریونیو میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو جائے گا ۔