اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی، 13 فلسطینی زخمی،10 گرفتار

388

 اریحا:قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے نواحی علاقے اریحا میں عقبہ جابر کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 13 فلسطینی شہریوں کو زخمی اور 10 کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

اریحا کے سرکاری اسپتال کے طبی ذرائع کے مطابق قابض فوج کی گولیوں سے 13 شہری زخمی ہوئے،جن میں سے ایک پیٹ اور سینے میں لگی اور ان سب کو علاج کے لیے لے جایا گیا۔ قابض فوج نے طبی عملے کو اریحا ہسپتال پہنچنے سے بھی روکا اور ایمبولینس کے عملے کے کام میں رکاوٹ ڈالی۔ 4 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی فوجی جارحیت کے دوران قابض فوج نے 10 شہریوں کو گرفتار کر لیا جن میں سے بعض کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

قابض فوج نے گولہ باری کی کارروائیوں کے دوران المقیطی خاندان کے دو گھروں کو گھیرے میں لے لیا اور اردگرد کی دیواروں اور گلیوں کو مسمار کردیا۔ قابض فوج کے چھاپے سے شہریوں کی املاک کو بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور المقیطی خاندان سے تعلق رکھنے والے پولٹری فارم کو مسمار کر دیا گیا۔ شہری احمد المقیطی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی کارروائی کا آغاز ہفتے کی صبح 6 بجے قابض فوج کی بھاری نفری کے ساتھ ہوا۔ 

اس دوران قابض فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کے خاندان کے متعدد گھروں کا محاصرہ کر لیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قابض فوجیوں نے ان کے خاندان کے 4 نوجوانوں کو گرفتار کیا اور الحجاج عادل المقیطی کے گھر کو نقصان پہنچایا گیا۔