قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

465

اے محمدؐ، کہو کہ ’’اے انسانو، میں تم سب کی طرف اْس خدا کا پیغمبر ہوں جو زمین اور آسمانوں کی بادشاہی کا مالک ہے، اْس کے سوا کوئی خدا نہیں ہے، وہی زندگی بخشتا ہے اور وہی موت دیتا ہے، پس ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے بھیجے ہوئے نبی اْمی پر جو اللہ اور اس کے ارشادات کو مانتا ہے، اور پیروی اختیار کرو اْس کی، امید ہے کہ تم راہ راست پا لو گے‘‘۔ موسیٰؑ کی قوم میں ایک گروہ ایسا بھی تھا جو حق کے مطابق ہدایت کرتا اور حق ہی کے مطابق انصاف کرتا تھا۔ (سورۃ الاعراف: 158تا159)

عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کی: اللہ کے رسول! نجات کی کیا صورت ہے؟ فرمایا: اپنی زبان کو قابو میں رکھو، اپنے گھر میں (محدود) رہنے کو کافی سمجھو اور اپنی خطائوں پر رویا کرو۔ (ترمذی)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص کی موت اس گواہی پر ہو کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، اور میں اللہ کا رسول ہوں، اور یہ گواہی سچے دل سے ہو تو اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت فرما دے گا۔ (سنن ابن ماجہ)