بجلی کا بدترین بریک ڈاؤن، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند ہونے کا خدشہ

444
breakdown

اسلام آباد : ملک بھر میں بجلی کے بدترین بریک ڈاؤن کی وجہ سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی بند ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں جاری بجلی کے بریک ڈاؤن کے دوران مسلسل جنریٹرز چلانے کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے پاس ٹاورز کیلئے تیل کا ذخیرہ بھی ختم ہوگیا، جس کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کو سروسز جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس متاثر ہیں۔

ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا تھا کہ صبح سے موبائل نیٹ ورک تنصیبات بیک اپ پاور پر چلائی جارہی ہیں، ٹیلی کام سروسز جاری رکھنے کیلئے نیشنل گرڈ سے بجلی کی جلدبحالی ناگزیر ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق صبح سے ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث ملک بھر میں ناصرف عدالتوں اور سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں کام ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے بلکہ بجلی نہ ہونے کے سبب بینکوں اور موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں، اس ضمن میں موبائل فون کمپنیوں کے صارفین کی طرف سے سگنل نہ آنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔