اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ

348
Fluctuations

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروباری اتار چڑھاؤ کا شکا ر ہوگئی ،مارکیٹ41200پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو چھونے کے بعد 40800پوائنٹس کی سطح پرآ گئی تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں سرمائے کا مجموعی حجم 65کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ50.61فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا آئل اینڈ گیس ،پی پی ایل ،او جی ڈی سی ایل،پی ایس او میں خریداری عروج پر رہی تاہم سیمنٹ سیکٹر میں منافع خوری دیکھنے میں آئی۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کے خدشات اور ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کو کھلا چھوڑنے پر دبا سے سرمایہ کاروں تذبذب کا شکار رہے جس کی وجہ سے مارکیٹ کاروباری اتار چڑھا کا شکار ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں 45.69پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40758.20پوائنٹس سے بڑھ کر40803.89پوائنٹس ہو گیا۔