بنیادی اشیائے ضروریہ کا بحران نااہلی کا نتیجہ ہے، ضیا الدین ایڈووکیٹ

601
Crisis

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آٹا، چکن اور اشیاء ضروریہ کا بحران حکومتی بدنیتی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی عوامی مسائل اور مہنگائی سے لاتعلقی، بے حسی کی بدترین مثال ہے۔پاکستان زرعی ملک ہے یہاں لوگ آٹے کی خریداری کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی کارکردگی کی بدترین مثال ہے۔ کلو آٹا 3 ہزار میں بھی دستیاب نہیں ہو رہا۔ گذشتہ ہفتے سے جاری مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ملک میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد تک جاپہنچی۔مرغی 550 روپے فی کلو کی ریکارڈ قیمت کے بعد بھی مارکیٹ سے غائب آٹا،مرغی، چاول، انڈے سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دن بدن عام آدمی کی پہنچ سے دور ہورہی ہیں۔ امیر ضلع لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ سفید پوش طبقہ حالات سے تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہے۔ چاروں طرف مایوسی اور بے چینی ہے۔

ضیاء الدین انصاری کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکمرانوں سے بہتری کی کوئی توقع نہیں۔ایسی گھمبیر صورتحال میں جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔جماعت اسلامی آٹا، مرغی اور دیگر اشیاء ضروریہ کے بحران اور مہنگائی کیخلاف شہر کی مختلف اہم شاہراؤں اور چوکوں پر احتجاجی مظاہرے کریگی۔8  جنوری بروز اتوار کو ملتا ن روڈ پر بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ آئندہ دنوں میں اکبر چوک، جی ٹی روڈ  باغبان پورہ سمیت اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔