ہم مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں،تین جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے: عمران خان

253

راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور ہم تین جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے ۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرنے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اٹھارہ ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ بات چیت کے لیے تیار ہیں  ،بات چیت مخالفین سے ہوتی ہے، دوستوں سے نہیں اور ڈیل وہ کرتا ہے جسے جیل و سزا سے بچنا ہو یا پھر ملک سے باہر جانا ہو، تین رکنی کمیٹی ڈیل کے لیے نہیں بات چیت کے لیے بنائی ہے۔

عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو مذاکرات کے لیے نامزد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائفر کیس ، القادر ٹرسٹ ، عدت سمیت تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ،اب یہ مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس بنانے جارہے ہیں، انہیں جو بھی مقدمات بنانے ہیں وہ ایک ہی بار بنا لیں مگر میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔  اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے خط سے ثابت ہوا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے۔