پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر، پی ٹی آئی کا استعفے دینے کا فیصلہ

561
Chief Justice

لاہور: پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہونے کے سبب پی ٹی آئی نے اپنے ارکان صوبائی اسمبلی کے استعفوں کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس میں عمران خان نے صوبائی اور مرکزی رہنماؤں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ یا اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر پر عمران نے نئی حکمت عملی بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہوئی تو ہمارے ارکان استعفے دے کر پنجاب اسمبلی سے باہر آجائیں گے۔

عمران خان نے ایک بار پھر ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی11 جنوری سے پہلے وزیر اعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کا عمل یقینی بنائے۔پارٹی ارکان اسمبلی میں مزیدنہیں رہنا چاہتے اور اگر اسمبلی کی تحلیل میں کوئی رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر ہمارے ایم پی ایز مستعفی ہوجائیں گے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ نے عمران خان کو ارکان اسمبلی سے رابطوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مزید2 آزاد ارکان اسمبلی سے حمایت کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ پارٹی اعتماد کے ووٹ کا عمل تیزی سے مکمل کرے۔