ایلون مسک 21لاکھ 29ہزار کلوگرام سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں، امریکی جریدہ

447

نیویارک:ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک 200 ارب ڈالرز سے محروم ہونے والے دنیا کے پہلے شخص بن چکے ہیں، اب بھی وہ 137 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں، 137 ارب ڈالرز بہت زیادہ رقم ہے اور وہ اس سے بہت کچھ خرید سکتے ہیں۔

امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق ایلون مسک اپنی دولت سے 21 لاکھ 29 ہزار کلوگرام سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں، اسی طرح وہ 137 ارب ڈالرز سے 1.59 ارب بیرل خام تیل کو بھی خرید سکتے ہیں۔ان کی دولت امریکی جی ڈی پی کے 0.588 فیصد کے برابر ہے جبکہ دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں ایلون مسک کا حصہ 1.96 فیصد ہے۔

ایلون مسک کی دولت کا موازنہ امریکا کے ٹاپ 100 کالجوں کے فنڈز سے کیا جائے تو وہ 34.6 فیصد کے برابر ہے جبکہ ان کی آمدنی امریکی گھرانوں کی آمدنی سے 19 لاکھ 35 ہزار 608 فیصد زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ نومبر 2021 میں ایلون مسک کی دولت ریکارڈ 340 ارب ڈالرز تک پہنچی مگر 2022 کے اختتام پر وہ گھٹ کر 137 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔اس کی وجہ 2022 کے دوران ٹیسلا کے حصص کی مالیت میں 65 فیصد کمی آنا ہے۔