اصلاحات کے بغیر عام انتخابات بے سود ہوں گے، اسداللہ بھٹو

438

کراچی:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر عام انتخابات بے سود ہوں گے، انتخابات کو طاقت وپیسہ کا کھیل بنانے کی بجائے دیانت وامانت اور ملک وقوم کی خدمت کرنے والی قیادت کے انتخاب کا ذریعہ بنایا جائے۔

اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ فرسودہ نظام کے تحت ہربار چہرے وحکومتیں تو بدل جاتیں ہیں مگرمہنگائی،ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔جماعت اسلامی اپنے قیام کے روزاول سے اصلاح معاشرہ ،اہل ودیانتدارقیاد ت اوراسلامی انقلاب کے لیے کوشاں ہے۔

مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھاکہ ملکی استحکام و عوام کے دکھوں کا مداواکرنے کی بجائے اقتداراورذاتی مفادات کی سیاست کرنے والی قیادت ہوش کے ناخن لے،وطن عزیز اس وقت معاشی سیاسی واخلاقی طوربحرانوں کی زدمیں ہے جس سے نکالنے کے لیے پوری قیادت کو سیاسی اختلافات سے بالاترہوکرقومی مفادات کی خاطرسرجوڑکرایک میزپربیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے جغفرایائی ونظریاتی سرحدوں کی محافظ جماعت ہے جس نے قوم کو مخلص ودیانتدار قیادت پیش کی ہم یہ بات محض دعوے کے طورپرنہیں بلکہ سابق میئر عبدالستار افغانی،نعمت اللہ خان ،دو مرتبہ کے پی کے وزیرخزانہ رہنے والے سراج الحق سمیت ارکان پارلیمنٹ کا کام وکردارپوری قوم کے سامنے ہیں۔