گیارہ برسوں میں 16لاکھ بھارتیوں نے شہریت ترک کی

309
گیارہ برسوں میں 16لاکھ بھارتیوں نے شہریت ترک کی

 نئی دہلی:بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق صرف اس سال 31 اکتوبر تک ایک لاکھ 83 ہزار افراد اپنی شہریت ترک کر چکے ہیں، جب کہ سن 2011 سے اب تک 16 لاکھ سے زائد بھارتیوں نے اپنی شہریت ترک کی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بھارت کے نائب وزیر خارجہ وی مرلی دھرن نے جمعہ کے روز پارلیمان کو بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بھارتی شہریوں کی جانب سے شہریت ترک کرنے کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہے،مرلی دھرن نے دستیاب سرکاری اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سن 2021میں 163370اور سن 2022میں 31اکتوبر تک 183741افراد نے بھارتی شہریت ترک کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سن 2011سے اب تک مجموعی طورپر 16لاکھ سے زائد بھارتی اپنی شہریت ترک کر چکے ہیں،مرلی دھرن اپوزیشن کانگریس کے رہنما عبدالخالق کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے، جنہوں نے2015 سے اب تک بھارتیوں کے شہریت ترک کرنے کی تعداد پوچھی تھی۔

نائب وزیر خارجہ مرلی دھرن نے بتایا کہ 2015میں 131,489، 2016میں 141603،2017میں 133049، 2018میں 134561، 2019میں 85256افراد نے بھارتی شہریت ترک کی، اس سے قبل 2011میں 122819، 2012میں 120923، 2013میں 131405اور 2014میں 129328افراد نے بھارتی شہریت ترک کی تھی۔

بھارتی وزیر سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ جن لوگوں نے اپنی شہریت ترک کی وہ اپنے ساتھ کتنی دولت لے گئے تاہم مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے پاس اس حوالے سے کوئی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہے۔

انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سن 2015میں 93، 2016میں 153، 2017میں 175، 2018میں 129، 2019میں 113، 2020 میں 27، 2021میں 42اور 2022میں 60افراد نے بھارتی شہریت اختیار کی۔