کراچی ائرپورٹ پر ایک کروڑ مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

340

کراچی: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ایئرپورٹ کراچی نے 1کروڑ روپے مالیت کی الیکٹرانک اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر شارجہ سے آنے والے دو پاکستانی مسافروں معیز علی اور کاشف بٹ کے سامان کو چیک کیا گیا جس کے پاس سے موبائل فونز اور الیکٹرانک اشیابر آمد ہوئی ہیں۔

کسٹمز ترجمان کے مطابق مسافروں کے سامان کی مکمل ایگزامینیشن کے دوران بڑی تعداد میں موبائل فونز ،موبائل ٹیبلیٹ، اسمارٹ واچز، اسمارٹ ریسٹ بینڈ اور فوڈ اسٹف برآمد کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ موبائل الیکٹرونک اشیا کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسز 52 لاکھ روپے بنتی ہیں۔

حکام کے مطابق برآمد شدہ سامان کو ضبط اور دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مسافروں کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے، جب کہ اس کے علاوہ دوسری کارروائی میں انٹرنیشنل ڈپارچر لاؤنج میں کسٹمز عملے نے دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے بڑی مقدار سے کپڑا برآمد کر کے ضبط کیا ہے۔