کیا معیشت بہتر ہوجائے گی

361

اقتصادی جائزہ رپورٹ میں خوش خبری دی گئی ہے کہ پاکستانی روپیہ تگڑا ہوگیا، مہنگائی کم ہوگئی، معیشت میں بہتری نظر آرہی ہے۔ البتہ سیلاب سے چیلنجز کا سامنا ہے، آنے والے مہینوں میں اچھی معاشی کارکردگی متوقع ہے، کرنٹ اکائونٹ بیلنس میں بھی بہتری کا رجحان ہے۔ اور ضروری اشیا کی بروقت درآمد سے سپلائی لائن مستحکم ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس کے حصول میں 17 فی صد اضافہ ہوا ہے، لیکن ترسیلات زر 6.3 فی صد کم ہوگئی ہے۔ مالی خسارہ 45.4 فی صد بڑھ گیا۔ اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 47 فی صد گھٹ گئی۔اس کے باوجود وزارت خزانہ مستحکم کی رپورٹ دے رہی ہے۔ اگر غور کریں تو سب کو یاد آئے گا کہ یہ باتیں پہلے بھی سنی ہوئی ہیں۔ اچھی معاشی کارکردگی کی خوشخبریاں سنتے ہوئے نصف صدی تو گزر گئی ہے وزارت خزانہ کہتی ہے کہ اشیائے ضرورت بروقت درآمد کرکے سپلائی لائن مستحکم کردی۔ لیکن یہ بھی بتائیں کہ سپلائی لائن کس قیمت پر مستحکم کی گئی ہے۔ عوام کی قوت خرید تو ختم ہوچکی حکومتی اداروں کے اشاریے کچھ بھی کہتے رہیں عوام کی جیبوں اور ماہانہ اخراجات کے اشاریے اب بھی یہ بتارہے ہیں کہ ان کی زندگی مشکل ہے۔ ان کی آمدنی میں اضافے کی سبیل نکلنی چاہیے۔