بائیو گیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے توانائی بحران پر قابو پانا ممکن ہے، رپورٹ

632

اسلام آباد: پاکستان بائیو گیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے توانائی کے بحران پر قابو پا سکتا ہے،چھوٹے پیمانے پر بائیو گیس پلانٹ لگانے کیلئے تمام گھرانوں کو یکساں سبسڈی اور یکساں سائز کی یونٹس فراہم کرناہونگی۔

بائیو گیس کے وسائل کیلئے پالیسی اقدامات پر نظر ثانی کی ضرورت۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی معیشت ہے جس میں بائیو گیس کے استعمال کی زبردست صلاحیت موجود ہے تاہم بائیو گیس کے وسائل کیلئے پالیسی اقدامات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے جو بائیو گیس کو اپنانے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

 ڈویلپمنٹ اسٹڈیز زرعی یونیورسٹی پشاورکے پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ جان نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ حکومت نے روایتی ایندھن، بچ جانے والی فصلوں، مائع پیٹرولیم گیس، لکڑی اور جانوروں کے گوبر کے کیک کو تبدیل کرنے کے لیے گھریلو بائیو گیس کے منصوبے شروع کیے ہیں تاہم دیہی علاقوں میں بائیو گیس پلانٹس کو وسیع پیمانے پر اپنانے کے مقصد کو حاصل کرنا ایک چیلنجنگ پایا گیا ہے۔

 بائیو گیس کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے دیہی علاقوں کی آبادی کو سبسڈی کی پیشکش کی تاہم بائیو گیس ٹیکنالوجی کو ابھی تک وہاں قبولیت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ حکومت کو ہدف بنائے گئے علاقوں میں چھوٹے پیمانے پر بائیو گیس پلانٹ لگانے چاہئیں۔