گیسٹرو اور ڈائریا بے قابو، سیلاب زدہ علاقوں میں صورت حال خوفناک

244
گیسٹرو اور ڈائریا بے قابو، سیلاب زدہ علاقوں میں صورت حال خوفناک

کراچی:سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں صورت حال انتہائی ابتر ہوچکی، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید دو کمسن بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق خیرپور کی تحصیل فیض گنج میں مزید دو بچے گیسٹرو کے باعث دم توڑ گئے، پانچ ماہ کی سیما اور چھ ماہ کے اعجاز نے گائوں ڈنو لاشاری میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

خیرپور ضلع میں گیسٹرو نے تباہی مچا رکھی ہے، گزشتہ دس روز میں پندرہ سے زائد بچے گیسٹرو کے باعث موت کے منہ میں جاچکے جس کے باعث ضلع بھر میں گیسٹرو ملیریا اور دیگر امراض کے باعث جانبحق بچوں کی تعداد ایک سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ادھر سکھرکے اسپتال ملیریا ، گیسٹرو ڈائریا اورجلدی امراض کے مریضوں سے بھر گئے، بچہ وارڈ میں گنجائش سے زیادہ مریض موجود ہیں اور ایک بیڈ پر تین تین بچوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

خوفناک صورت حال یہ ہے کہ وبائی امراض کے پھیلتے ہی اتائیوں نے اپنے کلینک لگالیے، ایک ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کو ڈرپ لگائی جارہی ہے۔