جماعت اسلامی کی فوری بلدیاتی انتخابات کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

265

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے جماعت اسلامی کی بلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری سندھ اور محکمہ موسمیات کو نوٹس جاریکردیے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں2 رکنی بینچ کے روبرو جماعت اسلامی کی  بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر حلقہ بندیوں کا عمل تاخیر کا شکار بنارہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف  نے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کا حال بدترینہے۔ اس سلسلے میں عدالت میں درخواستیں دائر کی گئیں جو مسترد کردی گئیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری سندھ اور محکمہ موسمیات کو نوٹس جاریکرتے ہوئے فریقین سے 16 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر اور پبلک ایڈ کمیٹی کے سیف الدین نے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے واضح کہا تھا کہ کراچی میں الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ 24 اگست کو سندھ حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے موسمی صورت حال کی وجہ سے الیکشن ملتویکردیے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا 24 اگست کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر کراچی میں  بلدیاتی الیکشن کی فوری تاریخ مقرر کرکے پولنگ کرانے کا حکم دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کی ہدایتبھی کی جائے۔