آج بھی ہم تنکے چن رہے ہیں کہ شاید کوئی تعمیر ہوسکے، وزیر دفاع

327

سیالکوٹ:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم نے 75 سال میں پایا کم اور کھویا زیادہ ہے، خود احتسابی کرنا ہوگی، ہم آج بھی تنکے چن رہے ہیں کہ شاید کوئی تعمیر ہوسکے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ توثیق کرتا ہے ایک شخص کی وفاداری وطن کے ساتھ نہیں۔

 وفاقی وزیرخواجہ آصف نے یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 75 سال بعد خود احتسابی کی ضرورت ہے، 75 سال میں ایسے کوئی کارنامے نہیں جن پرجشن منایا جائے، ہم نے 75 سال میں پایا کم اور کھویا زیادہ ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں لمبی اننگز مارشل لا نے کھیلی ہیں، سپر پاور کی جنگ لڑنے کیلئے مذہب کو استعمال کیا گیا، 10 سال پھرایک سپر پاور کی جنگ لڑی، وہ قابل فخر کام نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2010 میں ایک شخص کو ملک پر مسلط کرنےکی سازش کی گئی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ توثیق کرتا ہے ایک شخص کی وفاداری اس وطن کے ساتھ نہیں، اس شخص کی وفاداری 25 سال پہلے اسے لانچ کرنے والے فنانسرز کے ساتھ ہے۔

 خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم آج بھی تنکے چن رہے ہیں کہ شاید کوئی تعمیر ہوسکے، ہم نے ذاتی اور ملکی مفادات کا کتنا تحفظ کیا؟ خود احتسابی کرنا ہوگی۔