قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

460

اللہ نے تم کو جو نعمت عطا کی ہے اس کا خیال رکھو اور اْس پختہ عہد و پیمان کو نہ بھولو جو اْس نے تم سے لیا ہے، یعنی تمہارا یہ قول کہ، ’’ہم نے سنا اور اطاعت قبول کی‘‘ اللہ سے ڈرو، اللہ دلوں کے راز تک جانتا ہے۔ اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ کی خاطر راستی پر قائم رہنے والے اور انصاف کی گواہی دینے والے بنو کسی گروہ کی دشمنی تم کو اتنا مشتعل نہ کر دے کہ انصاف سے پھر جاؤ عدل کرو، یہ خدا ترسی سے زیادہ مناسبت رکھتا ہے اللہ سے ڈر کر کام کرتے رہو، جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اْس سے پوری طرح باخبر ہے۔ (سورۃ المائدۃ7:تا8)

عبداللہ بن عباس ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ؐ جیسے قرآن کی سورت سکھاتے اسی طرح یہ دعا بھی ہمیں سکھاتے تھے: اللہم انی اعوذ بک من عذاب جہنم واعوذ بک من عذاب القبر واعوذ بک من فتنۃ المسیح الدجال واعوذ بک من فتنۃ المحیا والممات ’’اے اللہ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں جہنم کے عذاب سے، اور میں تیری پناہ چاہتا ہوں قبر کے عذاب سے، اور میں تیری پناہ چاہتا ہوں مسیح دجال کے فتنہ سے، اور میں تیری پناہ چاہتا ہوں زندگی اور موت کے فتنہ سے‘‘۔
(ابن ماجہ)