سودی معیشت اور سرمایہ داروں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا، سراج الحق

345

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ملک اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، سودی معیشت نے تباہی مچا دی، پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت بھی عوام کے لیے مصیبتیں اور پریشانیاں لے کر آئی،قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

منصورہ میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ  جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں نے وسائل سے مالامال ملک کا حلیہ بگاڑ دیا، جن لوگوں نے مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالیں تھیں، حکومت میں آتے ہی اسے جواز فراہم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ قوم استعمار کے وفاداروں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے، مہنگائی، کرپشن، سودی معیشت، بدامنی اور بے روزگاری کی وجہ پاکستان جل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے معیشت کا سقوط ہو چکا اور ادارے برباد ہوگئے ہیں۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اس بحرانی کیفیت کی ذمہ دار ہیں۔ تباہی پھیلا کر بھی حکمران جماعتیں سنجیدگی کا راستہ اپنانے سے گریزاں ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  حکمرانوں کا کرپشن کے خاتمہ کا ایجنڈا سرے سے ہی موجود نہیں ہے، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی نے اپنے اپنے ادوار میں مافیاز کو نوازا اور غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کیا۔ یہ لوگ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی دھکیلنے کے ذمہ دار ہیں۔ملک ہمارا اور فیصلے واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ 75سالوں سے مختلف نعروں پر جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار قوم کو دھوکا دے رہے ہیں۔