سینیٹر دوست محمد کا لدھا میں علیحدہ پاسپورٹ آفس کا مطالبہ

129

اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر دوست محمد خان محسود نے ایوان بالا میں تحریک التواء پیش کی ہے جس میں محسود قبائل کی سہولت کیلیے لدھا میں علیحدہ پاسپورٹ آفس کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک التواء کے متن کے مطابق حکومت کی جانب سے پاسپورٹ آفس کو ٹانک سے وانا منتقل کرنے کے اقدام سے محسود قبائل میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ انہیں وانا پہنچنے کیلیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل قیام و طعام میں بھی مشکل درپیش ہوتی ہے۔ سینیٹر دوست محمد محسود نے اپنے عہد کا اعادہ کیا کہ وہ فاٹا کے قبائلی عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے قبائلی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی شعور پیدا کریں اور اپنے علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلیے نظریاتی لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے اسٹڈی سرکلز کو فعال کرنے پر زور دیا اور ان کی شخصیت کے فکری، سماجی، سیاسی اور جسمانی پہلوؤں اور اخلاقی تربیت کو بڑھانے کیلیے دور دراز علاقوں میں ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیاں قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔