پولیو کا خاتمہ سندھ حکومت کی ترجیح ہے ، ڈی سی گھارو

253

گھارو (نمائندہ جسارت)ڈی سی ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے کہا کہ پولیو جیسی مہلک بیماری کا مکمل خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ بات انہوں نے 23 مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں رورل ہیلتھ سینٹر گھارو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں دواؤں اور ڈاکٹرز کی کمی کو بھی جلد پورا کیا جائے گا ۔پولیو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس بیماری سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھا جاسکے جس کے لیے سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کوشاں ہے اس سلسلے میں پورے سندھ میں 23،24،25، مئی 3 دن تک یہ مہم چلائی جارہی ہے جس میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اسپتالوں کے علاوہ گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گیجبکہ پبلک پلیس اور بس اسٹاپ رکشہ اسٹینڈ پر ان کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کے وہ اپنے بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس بیماری سے مکمل نجات حاصل کی جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دواؤں کی کمی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی جلد از جلد پورا کیا جائے گا تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کو ضرورت کے مطابق سہولیات مہیا کی جاسکیں۔