قمبر علی خان: آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کا مستقلی کیلیے مظاہرہ

181

قمبر علی خان (نمائندہ جسارت) آئی بی اے ٹیسٹ پاس جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچر (جے ای ایس ٹی)اساتذہ نے اپنی مستقلی کے لیے ہاتھوں میں بینر اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے سخت گرمی میں شہر کے مختلف روڈوں پر نعرے بازی کرتے ہوئے قمبرپریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر اساتذہ نالے مٹھو ، سہیل احمد راہوجو، رضوان شیخ، جاوید میمن، عبدالوحید چانڈیو ، ذوالفقار میمن اور ذوالفقار بروہی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم 2018میں آئی بی اے ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ پر بھرتی ہوئے تھے لیکن 4 سال کا عرصہ ہونے کے باوجود جے ای ایس ٹی اساتذہ مسلسل کانٹریکٹ پر ہیں اور حکومت سندھ کی جانب سے ہمیں تاحال مستقل نہیں کیا گیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ایک طرف ہمیں مستقل نہیں کررہی ہے جبکہ دوسری طرف آئی بی اے ٹیسٹ کے ذریعے ہزاروں اساتذہ کی نئی بھرتیاں ریگولر بنیادوں پر کرکے سینئر اساتذہ کے ساتھ مبینہ طور پر سخت زیادتی کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریگولر بنیاد پر نئے آنے والے اساتذہ پہلے دن سے ہم سے سینئرجبکہ سسٹم میں پہلے سے موجود ہ 2018 کے جے ای ایس ٹی اساتذہ کانٹریکٹ پر ہونے کی وجہ سے جونیئر بن جائیں گے۔