اسٹاک مارکیٹ میں مندی معیشت دیوالیہ کا شکار ہے،جاوید قصوری

104

لاہور (وقائع نگارخصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملکی معیشت دیوالیہ پن کا شکا رہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے ایک کھرب 23ارب روپے ڈوب چکے ہیں۔ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر 196روپے کا ہوچکا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر 22ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں۔ دس ماہ میں تجارتی خسارہ 65فیصد تک بڑھ کر 39ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی استحکام کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز کو افہام و تفہیم سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔ ہر سال 5ہزار ارب روپے کی کرپشن اور ایک ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کو روک دیا جائے تو ملکی معیشت میں استحکام آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قرضہ بھی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ہر پاکستانی سو ا دولاکھ روپے کا مقروض ہے۔ ہر شعبہ میں کرپشن کی لمبی لمبی داستانین سامنے آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے حوالے سے جو فیصلہ دیا ہے اس پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے۔ جب تک ملکی معیشت کو سود سے پاک نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت پاکستان کی معیشت درست نہیں ہوسکتی۔ دریں اثنا محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کراچی میں ایک ماہ کے دوران تین دھماکے تشویشناک ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی و سندھ حکومت کو کراچی اور بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔ ایسے عناصر جو سی پیک کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، ان کا راستہ روکنا ہوگا۔