حیسکو انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے،نظام آرائیں

272

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چودھری نظام الدین آرائیں نے کہاہے کہ حیسکو انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے ، حیدرآباد کے شہریوں کو بجلی کے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گنجان آباد علاقوں میں لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیسکو انتظامیہ بجلی کی فراہمی میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں ایماندار اور مخلص افسران کو لاکر لگایا جائے کیونکہ بجلی کے بغیر کوئی کسی بھی شخص کا رہنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بجلی کے تار ، ٹرانسفارمر اور دیگر سامان بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے آئے دن واقعات ہوتے ہیں او ربجلی کی سپلائی بند کردی جاتی ہے ۔ حیدرآباد کے گنجان آباد علاقوں پھلیلی پریٹ آباد، نورانی بستی، گئوشالہ، لیاقت کالونی، فردوس کالونی، بھٹی گوٹھ، نیو سبزی منڈی ، نیوحیدرآباد سٹی ، ہالاناکہ ، حالی روڈ، امریکن کوارٹر میں آئے دن بجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے کئی کئی روز تک صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حیسکو کا عملہ انہیں بلیک میل کرکے ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے صارفین سے پیسے وصول کرتا ہے ۔ برسوں گزر جانے کے باوجود بجلی کے نظام میں کوئی بہتری نہیں آرہی ہے اور ہر آنے والے دن کے ساتھ صورتحال خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے۔ لہٰذا فوری طورپر وفاقی و صوبائی حکومت اس پر توجہ دے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔