عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اچھے نمائندے کو ووٹ دیں

347

سکھر(نمائندہ جسارت)جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے صدر اصلاح الدین شیخ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں نامزد امیدواروں کو درست معلومات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سمیت ووٹرز کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ایسا لگتا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کے باعث بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص سیاسی جماعتوں کو کامیاب کرانے کی سازش کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف سماجی تنظیموں کے رہنمائوں توفیق بندھانی ،عدنان بندھانی ،حافظ اکمل بندھانی، ثاقب بندھانی ،بابو بندھانی ،اکبر بندھانی ،عتیق بندھانی، ارشد بندھانی حکیم علی بلوچ ،مغل صاحب ،اسد راجپوت و دیگر سے ملاقات کے دوران ملاقات میں یوسی 2،یوسی 7،یوسی 9سے تعلق رکھنے والے نوجوان شخصیات بھی شریک تھی۔ شرکااجلاس کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں نئی حلقہ بندیوں، امیدواروں سمیت ووٹرز کو لاحق مشکلات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور بلدیاتی انتخابات میں نوجوان قیادت کو آگے لانے اور انہیں بھرپور کامیاب سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کے دوران اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنا انتخاب خود کریں اپنے اچھے نمائندے کو ووٹ دیں جو آپ کا خادم ہو،شہر سکھر کے بہتر مستقبل کیلیے ہم سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ بلدیاتی انتخابات میں خدمت کے جذبے سے سرشار ایسی قیادت منتخب کریں جو ان کے بنیادی و بلدیاتی مسائل حل کرسکیں بصورت دیگر اگر آزمائے ہوئے چہرے واپس آگئے تو شہر کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکے گا جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ہمیشہ شہراور شہریوں کے مسائل کے حل کیلیے آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی۔