حیدرآباد: ایپکا کا تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ

306

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) فیڈرل کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد زبیر خان نے وزیر اعظم کے نام خط لکھ کر بجٹ 23-2022 میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں سرکاری ملازمین کے دیگر کئی دیرینہ مسائل کے حل کا بھی استدعا کی گئی ہے جن میں تمام ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل اور ایڈمنسٹریٹیو وفاقی ملازمین کی صوبوں کی طرز پر اپگریڈیشن, یوٹیلٹی الاؤنس کی ادائیگی،کنوینس اور میڈیکل الاؤنسز ڈبل کرنا، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس رقم کی ادائیگی،ٹائم سکیل پروموشن،درجہ چہارم ملازمین کا بنیادی اسکیل 5 کرنا اور عارضی ملازمین کی ریگولرائزیشن شامل ہیں۔ایپکا نے وزیر اعظم کے نام خط میں استدعا کی ہے کہ 14 اکتوبر 2020 کو ایپکا کے زیر اہتمام ہونے والے پرامن احتجاج کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر بننے والی 3 وفاقی وزراء کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور بجٹ 23-2022 میں وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن سمیت مندرجہ بالا تمام جائز مطالبات پر مثبت اور ہمدردانہ غور کرکے اسے یقینی بنایا جائے۔