الخدمت ملک بھر میں 18ہزارسے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے،حافظ نعیم الرحمن

286
Al-Khidmat

کراچی: الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت 1200 باہمت یتیم بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے مقامی سپر اسٹور میں شاپنگ کروائی گئی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،مزاحیہ اداکارایاز خان ،معروف ٹیسٹ کرکٹر میر حمزہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ تمام مہمانوں نے سپر اسٹورکا دورہ کیا اور باہمت بچوں سے ملاقاتیں کیں۔شاپنگ کر نے والے بچوں کے چہروں پر مسرت دیدنی تھی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ الخدمت کے تحت یہ باہمت بچے عید کی شاپنگ کر رہے ہیں شاپنگ کا مقصد ان کے چہروں پر خوشیاں لانا تھا ۔الخدمت ملک بھر میں 18ہزارسے زائد اور کراچی میں 1300 بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ ان بچوں کی 4ہزار500روپے ماہانہ اور54ہزار روپے سالانہ سے ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے ۔الخدمت نے گلشن معمار میں آغوش ہوم قائم کیا ہے،جہاں یتیم بچوں کو معیاری رہائش ،خوراک ،تعلیم اور تفریح کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کام حکومت کو کرنے چاہئیں مگر الخدمت یہ کام احسن طریقے سے کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم بھی یتیم تھے۔اس نسبت سے یتیم کی کفالت کو نبی مہربان نے بھی خصوصی اہمت دی۔پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں الخدمت کا ساتھ دے۔انہوں نے ایاز خان اور میر حمزہ کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

اداکارایاز خان کا ا س موقع پر کہنا تھا کہ انہیں یہاں آکر خوشی ہوئی ہے،مجھے معلوم ہے کہ الخدمت کام کر رہی ہے ،مگر یتیموں کی کفالت اس کا بڑا کام ہے ۔الخدمت جوکام کر رہی وہ صاحب ثروت افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ الخدمت کا ساتھ دیں۔

۔ٹیسٹ کر کٹر میر حمزہ کا کہنا تھاکہ الخدمت طویل عرصے سے خدمت کے کام کر رہی ہے۔یتیموں کی کفالت بڑی نیکی ہے اور الخدمت نیکی کا کام کر رہی ہے۔ ہم سب الخدمت کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کرکٹ کے میدان میں تو ہم ملک کی خدمت کر تے ہی ہیں ،مگر اصل خدمت یتیموں کی خدمت ہے۔لوگوں کو چاہیے کی وہ الخدمت کا ساتھ دیں۔