ظہور آغا بھی مستعفی وسیم اختر یا نسرین جلیل کو سندھ کا گورنر بنانے کا امکان

335

کراچی‘کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک)گورنرسندھ عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد سندھ میں نئے گورنرکے تقرر کے لیے مشاورت شروع ہوگئی ہے اورمختلف حلقوں میں ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کو گورنر سندھ بنانے کی اطلاعات ہیں جبکہ گورنرسندھ کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کی نسرین جلیل کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔ ادھروزیراعظم شہبازشریف اور ایم کیوایم پاکستان کے وفد کی ملاقات میں ایم کیوایم سے وفاقی کابینہ کے لیے2 نام مانگے گئے تھے اورگورنرسندھ کے لیے بھی مشاورت کی گئی تھی جس کے بعد سندھ میں گورنر کے لیے وسیم اخترکا نام گردش میں ہے۔علاوہ ازیں سندھ کے بعض حلقوں کی جانب سے سندھ میں گورنرشپ ایم کیوایم پاکستان کودیے جانے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سندھ میںغیرسیاسی شخصیت کوگورنرسندھ مقررکیا جائے۔ قومی عوامی تحریک کے ایازلطیف پلیجو نے غیرجانبدار گورنر سندھ کے لیے مختلف نام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کا گورنر کوئی قابل اور ایماندار شخص ہونا چاہیے۔ایازلطیف پلیجو نے پائلر کے کرامت علی، تاج حیدر، انیسہ ہارون، جسٹس (ر)ماجدہ رضوی ، ماہرمعیشت ڈاکٹرقیصر بنگالی،ادریس راجپوت، صادقہ صلاح الدین ، کالم نگار زاہدہ حنا،ڈاکٹر ادیب رضوی،ڈاکٹر عارف حسن، خالدہ غوث اور ناصر اسلم زاہد کے نام گورنر سندھ کے لیے تجویز کر دیے ہیں۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا اور سندھ کے بعد گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے بھی عہدے سے استعفا دے دیاہے۔ترجمان گورنرہاؤس کے ترجمان کے مطابق گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے استعفا صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کو بھی بھجوا دیاہے ۔مستعفی گورنر سید ظہور احمد آغا کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور وہ گزشتہ سال 3 جولائی کو گورنر بلوچستان بنے تھے۔