عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ہے،خورشید میرانی

228

سکھر(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد اور قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر نے پرملک و قوم کیساتھ غداری قرار دیا اور کہا کہ یہ عمل غداری سے کم نہیں ہے انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ہے امید ہے سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنی رولنگ میں کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو حق نہیں کہ پاکستان کی حکومت کو سازش سے گرائے ، اس لیے تحریک عدم اعتماد آئین و قانون کی خلاف ورزی اور قواعد و ضابطے کے خلاف ہے ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور پی ٹی آئی نااہل حکمرانوں کو پتا چل گیا ہے کہ وہ گھر جانے والے ہیں اس لیے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے ملک میں انتشار پھیلا کر مزید مہلت طلب کر نے کی سازش کر رہے ہیں ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ملک کے عوام نے پی ٹی آئی نااہل ظالم حکمرانوں کو یکجا مسترد کر کے واضع پیغام دیا ہے کہ موجودہ حکومت نا صرف نااہل ہے بلکہ یہ ایک ناکام حکومت ثابت ہوئی ہے جس نے صرف ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔