اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام‘ سیٹلائٹ تصویر کشی کی منظوری

140

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے دیہہ مایو میں 150 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ اور اس کی قیمت کے تعین کا معاملہ التوا ڈال دیا۔تاہم حکومت مذکورہ اراضی کی سیٹلائٹ تصویر کشی کرانے کی منظوری دے دی تاکہ اراضی پر قبضے اور الاٹمنٹ کی صورت میں پیش آنے والی ممکنہ رکاوٹوں کا اندازہ لگایا جاسکے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کے اجلاس میں انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری کی درخواست پر سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن نے آگاہ کیا کہ ضلع ملیر کے دیہہ مایو تعلقہ شاہ مرید میں اسمال انڈسٹریل
اسٹیٹ کے قیام کے لیے 150 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی جس کے لیے پرائس فکشن کمیٹی نے 50 لاکھ روپے فی ایکڑ قیمت تجویز کے ساتھ اس اراضی کو مارکیٹ ویلیو کے 25 فیصد کے حساب سے صنعتی مقصد کے لیے الاٹ کرنے کی تجویز دی تھی تاہم کابینہ کے ارکان اس قیمت اور اراضی کی حالت پر اعتراض کیا جس پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پوری اراضی کا فوری سیٹلائٹ سروے کرانے کی منظوری کے ساتھ وزیر لینڈ ریونیو ،وزیر انرجی اور وزیر صنعت پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر قیمت کے تعین کے لیے سفارش پیش کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلی نے کہا کہ ارضی کے سروے اور قیمت کی تجویز کی رپورٹ آنے تک اس کی الاٹمنٹ کے لیے قیمت کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا اس لیے اس معاملے کا التواء میں رکھا جائے۔