ایم ڈی اے کی اربوں کی اراضی پر قبضہ ،ڈائریکٹر لیگل عرفان بیگ معطل

104

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر لیگل افیئر عرفان بیگ کو معطل کرنے کے بعد ان کے خلاف قیمتی اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا مقدمہ نیب کے سپرد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر لیگل افیئر کے خلاف ابتدائی تحقیقات سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ اور سرکاری کاغذات میں گڑ بڑ کرکے اسے خلاف قانون الاٹ کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ان شواہد کی بنیاد پر انکوائری ٹیم نے سیکرٹری بلدیات کو سفارش کی ہے کہ اربوں روپے مالیت کی اراضی کو قبضہ کرانے کے اس معاملے کی تحقیقات نیب سے کرائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری نے اس سفارش پر محکمہ قانون سے رائے طلب کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ قانون کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ یہ مقدمہ نیب کے سپرد کیا جائے یا نہیں۔ یاد رہے کہ سیکرٹری ایم ڈی اے کے گریڈ 19 کے افسر عرفان بیگ کو کرپشن کے الزام میں معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔