تبدیلی کے دن گنے جاچکے ہیں،ملک میں نئے انتخابات ہونے چاہیے، رہنما جماعت اسلامی 

427
تبدیلی کے دن گنے جاچکے ہیں،ملک میں نئے انتخابات ہونے چاہیے، رہنما جماعت اسلامی 

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی بھی ایک ایک کرکے تحریک انصاف کی کارکردگی سے مایوس ہو کر پیچھے ہٹ رہے ہیں۔

حکمرانوں میں عقل اور دانش نام کی کوئی چیز نہیں۔ حکمرانوں کی گھبراہٹ مکمل طور پر عیاں ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف اپنے ہی لوگوں کے نشانے پر ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے والے بہروپیوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست نہیں ۔ملک کے حالات خراب سے خراب تر ہو رہے ہیں۔وزیر داخلہ کا کام ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھے۔

مگر بد قسمتی سے وہ خود ہی انتشار کی سیاست کررہے ہیں۔ انتشار اور افراتفری سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ وزیر اعظم اور ان کے وزراء کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ملک کو دگرگوں حالات سے نکالنے کے لیے نئے انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم اپنی نااہلی اور نالائقی کے الزامات دوسروں پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں۔ 

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ فواد چودھری اپنے ہی ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی و قانونی حق ہے۔ حکومت اس کا مقابلہ قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کرے۔ ملک کا فرسودہ نظام ناکام ہوچکا ، اس کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اسلام کے نام پر وجودمیں آنے والا ملک اسلامی شرعی نظام سے ہی کامیابی کی منازل طے کر سکتا ہے ۔