کراچی ٹیسٹ: آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر

489

کراچی: دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 148 رنز پر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم کو 408 رنز کی برتری حاصل ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا، عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر سوئپسن کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ امام الحق بھی بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اظہر علی کو مچل اسٹارک نے 14 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر فواد عالم بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ نعمان علی نے 20 اور شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی اننگز کھیلیں۔

عبداللہ شفیق 13، امام الحق 20، اظہر علی 14، فواد عالم صفر، محمد رضوان 6، فہیم اشرف 4، ساجد خان 5 اور حسن علی صفر بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مچل اسٹارک نے تین اور ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر مچل سوئپسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پیٹ کمنر، نیتھن لائن اور کیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔