ٹھٹھہ :واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا نجکاری کیخلاف مظاہرہ

226

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ٹھٹھہ اور سجاول کی جانب سے حیسکو کی نجکاری کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا۔واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ٹھٹھہ اور سجاول ضلعوں کی جانب سے یونین کے رہنمائوں عبدالطیف نظامانی اور خورشید کی اپیل پر احتجاجی ریلی حیسکو آفس مکلی سے مین قومی شاہراہ اور نیشنل پریس کلب تک نکالی گئی۔اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ٹھٹھہ سی بی اے کے رہنمائوں ڈویژنل وائس چیئرمین شفیع محمد سومرو ڈویژنل جنرل سیکرٹری امیر کھوسو منور تارو رحمان خان قیوم خاصخیلی سہراب خاصخیلی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا اور اس کے ذیلی اداروں کی نجکاری قبول نہیں، نیازی حکومت نے پہلے ہی لاکھوں مزدوروں کو بیروزگار کرکے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں غریب طبقہ فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا میں 40 فیصد اسٹاف کی کمی ،کئی ملازمین ریٹائرڈ اور کئی انتقال کر چکے ہیں لیکن حکام نوٹس نہیں لے رہے۔ مظاہرہ اپنے محبوب لیڈر عبدالطیف نظامانی اور خورشید کی اپیل پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہیں ، نیازی سرکار فوری واپڈا اور اس کے ذیلی اداروں کی نجکاری کے اعلان کو واپس لے ورنہ پورے ملک کی بجلی بند کرکے احتجاج کیا جائے گا۔