مسجد میں دہشتگردانہ حملہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے، سردار تنویر الیاس خان

253
پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے، سردار تنویر الیاس خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سنیئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس خان نے پشاور کی جامع مسجد میں دہشتگردانہ حملے کی شد ید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شیطانی عزائم کی تکمیل اور مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دینے اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا انتخاب ا ایسے موقع پر کیا جب ملک میں کرکٹ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔ غیر انسانی اور ظالمانہ فعل کی جتنی کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ کے وقت مسجد کو نشانہ بنانا بھیانک جرم ہے ، دھماکے کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کی وحدت اور یکجہتی کو نشانہ بنانا اور ملک میں فتنہ و فساد پھیلانا اور امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکہ کرنے والے دہشت گردوں کا کوئی دین اور ایمان نہیں ۔ مسجد کو نشانہ بنانا عظیم جرم ہے ، پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہیں اور دہشتگردوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ہمارے ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنے کی کوشش کی لیکن پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی ۔ تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور اسے دہشت گردی سے پاک ملک بنانے کے لیے ہمیشہ پاک فوج نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ان تمام تر مشکلات کے باوجود ثابت قدمی اور قومی جذبے سے وطن عزیز کی حفاظت میں جو لازوال قربانیاں دیں ان کی بدولت آج پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ممکنہ حد تک کمی واقع ہوئی ہے، انشااللہ بہادر مسلح افواج بزدل دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے دم لیں گی انہوں نے کہ پشاورکی امام بارگاہ میں دھماکہ پاکستانی عوام کو پہلے سے زیادہ متحد کردے گا۔

بے گناہ نمازیوں کی جان لینے سے ان دہشت گردوں کے خلاف عوام الناس کی نفرت میں مزید اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے جو عناصر ہیں ان کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بناکر ملک میں تفرقہ اور انتشار پید اکرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان کے تمام عوام دہشتگردی کی تمام شکلوں کو مسترد کرتے ہیں۔ جو لوگ اس انسانیت سوز واقعہ کے پیچھے ہیں انہیں جلد اپنے کئے کی سزا ملے گی ۔ انہوںنے کہا کہ وہ پشاور امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکہ میں شہید ہونے والوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔