اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ ہیں

269

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ ہیں۔ یہ قوم ملک و قوم کا فخر اور علم ان کا سرمایہ ہے۔ نوجوان طلبہ کی فکری آبیاری اور کردار سازی جمعیت کا بنیادی وصف ہے۔ اس وقت ملک میں تعلیمی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، تعلیمی بجٹ میں مسلسل کمی، فیسز اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے لیے تعلیم جاری رکھنا ناممکن ہوچکا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے ساڑھے تین سالوں کے دوران فیسوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ان کے تعلیمی اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کا بوجھ اٹھانا ان کے والدین اور بچوں کے لیے ازحد مشکل ہو گیا ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد اور مہتم عا م اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اسد علی قریشی سے ملاقات کے دوران ملکی تعلیمی نظام،طلبہ یونین پر عائد پابندی و دیگر مسائل کے حوالے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری این ایل ایف پاکستان طیب اعجاز سواتی موجود تھے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے، تعلیمی نظام کو جدید سائنسی اور ماحولیاتی تقاضوں سے اہم آہنگ کیا جائے۔ سرکاری تعلیمی اداروں فیسوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور ہر سطح پر تعلیم مفت کی جائے۔ طلبہ یونین پر عائد پابندی ختم کی جائے اور ملکی سطح پر فی الفور الیکشن کروائے جائیں۔